ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) دنیا بھر میں جنک فوڈ کے بڑھتے رجحان اور ڈپریشن کی بلند ہوتی سطح نے لوگوں کی صلاحیت تولید پر بھی اثر ڈالا ہے، حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا کہ وائی فائی مردوں میں بانجھ پن کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان میں ہونے والی تحقیق کے مطابق وائی فائی کی الیکٹرو میگنیٹک لہریں مردوں کی تولیدی صلاحیت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں اور سپرمز کی خرابی کا سبب بن سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق مردوں کی زرخیزی ذہنی تناؤ، خراب غذائی عادات یا جینیاتی مسائل کی وجہ سے متاثر ہوسکتی ہے تاہم اس کی وجہ موبائل فون بھی ہوسکتے ہیں۔
اس تحقیق کیلئے 52 مردوں کے گروپ کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ وائی فائی سے بالکل دور رہا، دوسرے گروپ نے پروٹیکشن شیلڈ کے ذریعے وائی فائی استعمال کیا جبکہ تیسرے گروپ نے بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے وائی فائی استعمال کیا۔
تحقیق کے نتائج میں دیکھا گیا کہ 2 گھنٹے بعد لیے جانے والے نمونوں میں وائی فائی استعمال نہ کرنے والے گروپ کی تولیدی صلاحیت 53.3 فیصد رہ گئی تھی جبکہ شیلڈ کے ساتھ وائی فائی استعمال کرنے والوں میں یہ شرح 44.9 فیصد تھی۔
اس کے برعکس بغیر کسی احتیاطی تدابیر کے وائی فائی استعمال کرنے والوں کی تولیدی صلاحیت صرف 26.4 رہ گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فائی کو بیٹھنے اور سونے کی جگہوں سے دور رکھنا چاہئے۔