انسٹا گرام کا ’رسٹرکٹ‘ کے نام سے نیا فیچر متعارف کرانیکا اعلان

Last Updated On 10 July,2019 03:10 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ انسٹا گرام نے آن لائن ہراسیت کو روکنے کے لیے نئے فیچرز لانے کا اعلان کر دیا ان فیچر میں ’رسٹرکٹ‘ کے نام سے نیا فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا۔

برطانوی ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری کا کہنا ہے کہ نیا فیچر صارف کو متنازعہ پوسٹ کرنے سے پہلے ہی متنبہ کر دے گا۔ انسٹا گرام پر صارفین کیلئے محفوظ ماحول بنانا کمپنی کی ذمہ داری ہے۔ یہ کچھ عرصے سے ترجیح رہی ہے اور ہم مسئلے کو بہتر سمجھنے اور نمٹنے کیلئے مسلسل سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے فیچر سے لوگوں کو کومنٹ پوسٹ کرنے سے پہلے اپنے الفاظ پر نظرثانی کرنے اور کومنٹ کو منسوخ کرنے کا موقع مل جائے گا اور نامناسب کلمات دیگر صارفین تک پہنچنے سے بچ جائیں گے۔

سربراہ انسٹا گرام کا کہنا تھا اس فیچر کو پہلے ٹیسٹ کیا گیا تھا جس سے معلوم ہوا کہ فیچر نے چند لوگوں کو کومنٹ منسوخ کرنے اور کچھ ایسا شیئر کرنے کی حوصلہ افزائی کی تھی جو پڑھنے والوں کے لیے کم تکلیف دہ ہو۔ انسٹا گرام ’رسٹرکٹ‘ کے نام سے ایک اور فیچر بھی متعارف کرا رہا ہے جس کے ذریعے نازیبا کلمات کی تشہیر محدود کی جا سکے گی۔

ایڈم موسیری کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنے جاننے والوں کے ساتھ حالات بگڑنے کے ڈر سے سوشل میڈیا کی ویب سائٹس پر بلاک یا نازیبا سلوک رپورٹ کرنے سے گریز کرتے ہیں لیکن نئے فیچر سے کسی بھی نامناسب شخص کو ’رسٹرکٹ‘ کر کے پروفائل تک محدود رسائی دی جا سکتی ہے۔ ایسا شخص نہ تو آپ کو انسٹا گرام پر ایکٹو دیکھ سکے گا اور نہ ہی اس کو یہ معلوم ہو سکے گا کہ آپ نے اس کا بھیجا ہوا میسج پڑھ لیا ہے۔

ایڈم موسیری کا کہنا تھا کہ ابھی نئے فیچر کا تجرباتی بنیادوں پر جائزہ لیا جا رہا ہے جسکے استعمال سے نازیبا کومنٹ صرف اس کے لکھنے والے کو ہی نظر آئے گا۔ واض رہے کہ انسٹا گرام اس سے قبل بھی ایسے اقدامات کرتا رہا ہے جس سے نفرت انگیز بیانات اور نازیبا رویوں کو روکا جا سکے۔