واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) سائنسدانوں نے کروڑوں برسوں سے ہماری زمین پر موجود شارک مچھلی کی ایک قسم کو پہلی بار کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فلوریڈا سٹیٹ یونیورسٹی کے بحری ماہرین کی ایک ٹیم نے بہاماس کے ساحلوں پر ایک آبدوز کی مدد سے یہ کام کیا۔ سمندر کی گہرائی میں بلنٹ نوز سکس گل شارک 20 کروڑ سال سے موجود ہے اور 8 میٹر تک لمبی ہو سکتی ہے۔
سائنسدان طویل عرصے سے اس پر تحقیق کر رہے ہیں اور ان کے مطابق عام حالات میں یہ تاریک پانیوں میں رہنا پسند کرتی ہیں اور صرف رات کو ہی غذا کیلئے اوپر آنا پسند کرتی ہیں۔
اس شارک مچھلی کی ایک قسم اتنی مختلف ہے کہ عجوبے جیسی ہے، وجہ اس کی یہ ہے کہ دیگر نسلوں میں تو 5 گلپھڑے ہوتے ہیں مگر اس میں ایک زیادہ یعنی 6 گلپھڑے ہیں اور یہ چھٹا گلپھڑا لاکھوں سال پرانے جانور ڈائنا سورز کے دور کی اہم نشانی ہے۔
ماہرین نے جو کروڑوں سال پرانی ان شارک مچھلیوں کے فوسلز حاصل کئے ہیں ان سے پتہ چلا ہے کہ بلنٹ نوز سکس گل اتنا عرصہ گزر جانے کے باوجود بالکل بھی نہیں بدلی، یہ اہم پوائنٹ ان مچھلیوں کی مزید معلومات کا متقاضی ہے جس پر مزید تحقیق جاری ہے۔