لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں سمارٹ فونز یا ٹیبلٹ کو ضرورت سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے تاہم اب نئی تحقیق سامنے آئی ہے جس کے مطابق سمارٹ فون یا ٹیبلٹ رات گئے استعمال کرنے والوں میں میٹھا کھانے کی خواہش بڑھاتی ہے اور یہ عمل موٹاپے کا باعث بنتا ہے۔
حال ہی میں ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے، یہ دعویٰ ہالینڈ اور فرانس میں ہونیوالی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے، ستراسبورگ یونیورسٹی اور ہالینڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں چوہوں پر تجربات کے دوران اسے دریافت کیا گیا۔ ان ڈیوائسز سے خارج ہونے والی نیلی روشنی میں گھنٹہ رہنا بھی چوہوں کی کھانے کی خواہش پر اثرانداز ہوتا اور اگلے دن ناقص غذا کے استعمال کا امکان بڑھ جاتا۔
تحقیق کے مطابق ان جانوروں کے بلڈشوگر لیول اوپر کی جانب جاتے جسکے باعث جسم شکر کو پراسیس کرنے سے قاصر ہوجاتا جو کہ ذیابیطس سے قبل کی انتباہی نشانی ہے۔ محققین کے مطابق نتائج سے شواہد کو تقویت ملتی ہے کہ رات کو بہت زیادہ فونز کا استعمال موٹاپے کا باعث بن سکتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران چوہوں کو رات میں نیلی روشنی میں رکھا گیا اور اگلے دن دیکھا گیا کہ وہ کیا کھاتے ہیں۔ چوہوں کو دن میں بیدار رکھا گیا جبکہ رات کو سلایا گیا تاکہ انسانی جسمانی گھڑی کی زیادہ بہتر نقل کرسکیں۔ چوہوں کو متوازن غذا، چینی کے پانی، چربی اور پانی پر مشتمل 4 غذاﺅں کو چننے کا موقع دیا گیا اور معلوم ہوا کہ نیلی روشنی میں رہنے کے بعد چوہوں نے زیادہ چینی کو ترجیح دی جبکہ ان کے جسم میں گلوکوز کی برداشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔
محققین کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک رات کا اثر تھا مگر وقت گزرنے کے ساتھ اس سے موٹاپے اور ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا امکان بڑھتا ہے۔ تحقیق کے نتائج سوسائٹی فار دی اسٹڈی انجیسٹیو بی ہیوئیر کی سالانہ کانفرنس میں پیش کیے گئے۔