کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں آئی فون پھٹنے سے 11 سالہ بچی زخمی ہو گئی۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلیفورنیا کے علاقے بیکرفیلڈ سے تعلق رکھنے والی کائیلا راموس بہن کے کمرے میں آئی فون 6 پر کھیل رہی تھی جب اس نے ڈیوائس میں چنگاریاں نکلتی ہوئی دیکھیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بچی کائیلا راموس نے بتایا کہ میں کمرے میں بیٹھی تھی ، میرے ہاتھ میں موبائل تھا پہےل میں نے چنگاریاں نکلتی ہوئی دیکھیں اور اسے کمبل پر پھینک دیا فوراً ہی دھماکہ ہو گیا جس کے بعد میرا ہاتھ معمولی جل گیا مگر بہت زیادہ چوٹ نہیں آئی تاہم آئی فون اور کمبل مکمل طور پر جل گئے۔
بچی کی والدہ ماریہ کا کہنا تھا کہ ایپل کی جانب سے واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہے، کمپنی سے بتایا گیا ہے کہ بچی کو نیا فون لے کر دیں گے۔ اس دھماکے کی ممکنہ وجہ ڈیوائس کو بہت زیادہ چارج کرنا تھا۔
ایپل کا کہنا ہے کہ ایک آئی فون کے بہت زیادہ گرم ہونے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں۔ تھرڈ پارٹی ایپل پراڈکٹس جیسے چارجنگ کیبل کا استعمال یا ایسی کمپنی سے آئی فون کی مرمت کرانا جو ایپل کی منظور کردہ نہ ہو۔ آئی فون میں اس طرح آگ لگنے یا پھٹنے کے واقعات بہت کم سامنے آتے ہیں۔
یاد رہے کہ سام سنگ کو گلیکسی نوٹ 7 سمارٹ فون میں مسئلے کا بڑے پیمانے پر سامنا ہوا تھا اور متعدد افراد نے ڈیوائسز میں آگ لگنے کی شکایت کی جسکے بعد دنیا بھر سے ڈیوائسز کو واپس طلب کیا گیا اور کمپنی کو اس کے نتیجے میں 5 ارب ڈالرز کا سامنا ہوا جبکہ ساکھ بھی بری طرح متاثر ہوئی۔