نیو یارک: (ویب ڈیسک) رشوت دینے کے الزام پر مائیکرو سافٹ یورپی ملک ہنگری سمیت دیگر ممالک کو اڑھائی کروڑ ڈالر ادا کرنے پر تیار ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکروسافٹ کارپوریشن نے ہنگری، سعودی عرب، تھائی لینڈ، ترکی کو سرکاری افسران کو رشوت دینے کے مقدمات میں 2 کروڑ 53 لاکھ ڈالر (تقریباً چار ارب پاکستانی روپے) ادا کرنے پر رضامندی کا اظہار کر دیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 87 لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کیا جائے گا جو 3 سالہ معاہدے کے تحت ہو گا اور جس میں مائیکروسافٹ ملازمین کے غیر قانونی اقدام کی ذمہ داری کا اعتراف کرے گا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکرو سافٹ نے ہنگری، سعودی عرب، تھائی لینڈ اور ترکی میں سرگرمیوں پر اپنی غلطی کا اعتراف کیے بغیر ایک کروڑ 66 لاکھ ڈالر امریکی سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن کی جانب سے لگائے گئے سول چارجز پر ایک کروڑ ڈالر ادا کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا۔
مائیکروسافٹ کے صدر بریڈ سمتھ کا کہنا تھا کہ ملازمین کا غیر قانونی عمل ناقابل برداشت ہے، ہنگری میں ملوث ملازمین اب کمپنی کے ساتھ نہیں ہیں۔ کاروباری سرگرمیوں میں ناقابل قبول عمل پر سمجھوتے کی کوئی گنجائش نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت میں استغاثہ کا کہنا تھا کہ ہنگری کی سرکاری ایجنسیوں کو سافٹ ویئر کا لائسنس فروخت کرنے کی اسکیم سے مائیکروسافٹ کا 2013ء سے 2015ء کے درمیان ایک کروڑ 46 لاکھ ڈالر کا فائدہ ہوا۔