پنسلوانیا: (روزنامہ دنیا) طبّی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ اگر سرجری کیلئے لے جانے سے پہلے مریض کو مدھر اور کانوں میں رس گھولنے والی موسیقی سنا دی جائے تو وہ کسی سکون آور دوا کی طرح کام کرتے ہوئے اس کا اعصابی تناؤ ختم کر دیتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریسرچ سے اخذ شدہ نتائج سے پتہ چلا ہے کہ موسیقی صرف روح کی غذا نہیں بلکہ اعصاب کی دوا بھی ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ آپریشن سے پہلے اکثر مریضوں کو اختلاج ہونے لگتا ہے اور ان میں اعصابی تناؤ بڑھانے والے ہارمونز کی مقدار بھی بڑھ جاتی ہے۔
ایسے میں اعصاب کو سکون پہنچانے کے لیے عموماً جو دوائیں دی جاتی ہیں ان کے سائیڈ ایفیکٹس بھی ہوتے ہیں جو سانس لینے میں دشواری اور دورانِ خون میں عدم توازن سے لے کر غصہ اور جھلاہٹ تک پہنچ سکتے ہیں۔
یہ مسئلہ حل کرنے کیلئے یونیورسٹی آف پینسلوانیا کی ڈاکٹر وینا گراف اور ان کے ساتھی گزشتہ چند سال سے موسیقی کو بطور متبادل سکون آور آزمانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ 157 بالغ افراد پر کی گئی اس تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ اگر آپریشن سے پہلے مریض کو اچھی اور کانوں میں رس گھولنے والی موسیقی سنائی جائے تو اس سے بھی مریض کے اعصابی تناؤ میں ٹھیک اسی طرح کمی واقع ہوتی ہے جیسی سکون آور دوائیں دینے پر ہوتی ہے۔