نظام شمسی سے باہر زمین سے بڑے تین نئے سیارے دریافت

Last Updated On 02 August,2019 07:10 am

لندن: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں کی ایک عالمی ٹیم نے نظام شمسی سے باہر زمین سے بڑے تین نئے سیاروں کا پتہ چلا لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماہرین فلکیات کی بین الاقوامی ٹیم نے ہمارے نظام شمسی سے باہر تین نئے سیاروں کا پتہ چلایا ہے۔ یہ تینوں سیارے 31 نوری سال کے فاصلے پر واقع ستاروں کے جھرمٹ ہائیڈرا کے ستارے جی جے تین سو ستاون کے گرد اپنے مدار میں گردش کرتے ہیں۔ ان تینوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے یہ زمین سے بڑے ہیں۔

ان نئے دریافت شدہ سیاروں میں سے ایک، جسے GJ 357 d کا نام دیا گیا ہے ممکنہ طور پر رہائش کے قابل بھی ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس سیارے پر اوسط درجہ حرارت کا فوری اندازہ منفی 53 ڈگری سینٹی گریڈ لگایا گیا ہے لیکن وہاں کی فضا کے بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ایسے سیاروں کو فلکیات کی اصطلاح میں  ایکسوپلینٹ‘ یا زمین کے نظام شمسی سے باہر پائے جانے والے سیارے کہا جاتا ہے، جن کی موجودگی کی تصدیق کرنے والے سائنسدانوں میں جرمن شہر گوئٹنگن کے محققین بھی شامل ہیں۔

ان تین میں سے پہلے سیارے کو GJ 357 b کا نام دیا گیا ہے، جسے سائنسدان اپنے طور پر  گرم زمین‘ بھی کہہ رہے ہیں۔ اس لیے کہ وہاں درجہ حرارت کا تخمینہ 250 ڈگری سینٹی گریڈ تک لگایا گیا ہے۔

ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ سیارہ اپنے ستارے GJ 357 کے گرد گردش کرتے ہوئے اسے کافی حد تک اپنے سائے سے ڈھانپ بھی دیتا ہے اور یوں اس کی روشنی کی شدت بھی کم کر دیتا ہے۔

ان تین میں سے جس درمیان والے سیارے کو GJ 357 c کا نام دیا گیا ہے، اس کا درجہ حرارت 130 ڈگری سینٹی گریڈ تک بنتا ہے اور اس کی کمیت زمین کی کمیت سے کم از کم بھی تین سے چار گنا تک زیادہ ہے۔