کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی انجینئروں نے ایسے ننھے روبوٹ تیار کئے ہیں جن سے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ لال بیگ کی طرح انتہائی سخت جان روبوٹ ہیں، یہ اپنے بنیادی وزن کے مقابلے دس لاکھ گنا سے بھی زیادہ دباو برداشت کر سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ان روبوٹس کا زمین پر رینگنے کا انداز بھی لال بیگوں جیسا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب تک بنائے گئے بیشتر چھوٹے روبوٹس خاصے نازک ہیں۔ اگر ان پر پیر آ جائے تو وہ تباہ ہوجائیں گے۔ لیکن نئی قسم کے یہ روبوٹس بہت سخت جان ہیں اور ’’اگر ان روبوٹس پر کچھ دیر کے لیے پاوں رکھیں گے تو یہ اس کے بعد بھی اپنا کام بخوبی کرتے رہیں گے۔
ان روبوٹس کی جسامت ایک بڑے ڈاک ٹکٹ جتنی ہے، انہیں ایک پیزو الیکٹرک مٹیریل کی پتلی شیٹ سے تیار کیا گیا۔ جب اس ٹکڑے سے بجلی گزاری جاتی ہے تو یہ بڑی تیزی سے بار بار ٹیڑھا اور سیدھا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ جیسے اپنی اگلی ٹانگوں پر ’’دوڑنے‘‘ لگتا ہے۔ جیسے اصل لال بیگ، زمین پر تیزی سے رینگتا ہے۔ اس کی خاص بات یہ نالیوں میں سے گزر سکتا ہے، چھوٹی موٹی ڈھلوان سطحوں پر چڑھ سکتا ہے، اس پر ابھی مزید تجربات ہونا باقی ہیں جس کے بعد اسے امدادی کاموں کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔