واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سرخ چیری دیگر پھلوں کی طرح افادیت سے بھرپور ہے تاہم کھٹی ہونے کے سبب کچھ لوگ اسے کھانے میں جھجھک کا مظاہرہ کرتے ہیں تاہم اب ایک طبی تحقیق میں اس میں ایسے مرکبات کی موجودگی کا پتہ چلا ہے جو بزرگ افراد کی دماغی و ذہنی کارکردگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق طبی ماہرین بزرگ افراد کو ٹارٹ چیری کا رس پینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اس میں موجود حیاتیاتی مرکبات یادداشت، ردِ عمل اور دیگر اعصابی امور کو تقویت دیتے ہیں۔ امریکی ماہرین نے چیری کی افادیت جانچنے کے لیے ایک تجربہ کیا، 65 سے 73 سال کے 34 افراد کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے گروہ کو روزانہ ٹارٹ چیری کا جوس دیا گیا اور یہ عمل 12 ہفتوں تک جاری رکھا گیا۔ دوسرے گروہ کو ایک فرضی مشروب دیا جاتا رہا۔ ان میں سے کسی کو بھی نہیں بتایا گیا کہ کسے چیری کا رس دیا گیا ہے اور کسے عام مشروب پلایا جا رہا ہے۔
طے شدہ ٹائم یعنی 12 ہفتوں بعد دلچسپ نتائج سامنے آئے۔ جن افراد نے چیری کا رس استعمال کیا انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی یادداشت بہتر محسسوس ہوئی جس کے بعد وہ چیزوں کو اچھی طرح یاد کرنے لگے ہیں۔ ان بزرگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں چلنے پھرنے میں 4 فیصد بہتری ہوئی جسے ایک خاص ٹیسٹ سےبھی ناپا گیا، شرکا نے یادداشت کے مجموعی ٹیسٹ، جگہوں کے تعین کی یاددہانی میں بھی اضافے کا اعتراف کیا۔ ان مثبت نتائج سے پتہ چلا کہ سرخ رنگت والی چیری انسانی دماغی صلاحیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔