آئی فون 11 کچھ لوگوں کیلئے خوف کا سبب کیوں؟

Last Updated On 20 September,2019 03:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) موبائل فون اور کمپیوٹرز کے حوالے سے مشہور ایپل کمپنی اپنی مصنوعات کے منفرد ڈیزائن کے سبب خاص مقام رکھتی ہے۔ ایپل کا نیا آئی فون 11 سٹائلش ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت خوبصورت ہے تاہم فون کے پیچھے تین گول کیمرے دیکھ کر بعض لوگوں کو خوف یا نفرت سی محسوس ہوتی ہے۔ اِس کی وجہ ایک مخصوص ذہنی کیفیت ہے جسے ٹرائپوفوبیا کہا جاتا ہے۔

ٹرائپوفوبیا خوف اور نفرت کی اس ملی جلی کیفیت کو کہا جاتا ہے جو جیومیٹرک خاکوں یا اشکال کے جھرمٹ کو دیکھنے سے انسان پر طاری ہو سکتی ہے، اگر یہ اشکال بہت سے سوراخوں یا چھوٹے چھوٹے مستطیل یا چوکور خانوں پر مشتمل ہوں۔ چند دنوں کے دوران ایپل کا نیا موبائل فون ٹرائپوفوبیا کے حوالے سے شہ سرخیوں میں آ گیا۔ کنول کے پھول میں لگے ہوئے بیجوں سے بننے والی شکل سے پیدا ہونے والا خوف ٹرائپوفوبیا کی سب سے خاص مثال ہے جس کو دیکھتے ہی لوگوں پر ایسی کیفیت چھا جاتی ہے جس سے انہیں نفرت یا گھن سی محسوس ہوتی ہے۔



بہت سے نقصان دہ جانور جن کو دیکھ کر انسان کو خطرے کا احساس ہونے لگتا ہے جیسے مکڑیاں، سانپ اور بچھوؤں کی خصوصیات ایک جیسی ہیں، نفرت سے مطابقت ایک ارتقائی عمل ہے جس کا انفرادی تحفظ کے ساتھ تعلق ہے اور یہی بعد میں نفرت کے احساس کا روپ دھار لیتی ہے۔ یہ کیفیت شہد کے چھتے کو دیکھ کر بھی سر اٹھا سکتی ہے۔

نئے آئی فون کے پچھلے حصے میں لگے ہوئے تین گول کیمروں سے بننے والی شکل اِسی کی ایک مثال ہے جس کو دیکھ کر شہد کے چھتے جیسا خاکہ انسانی ذہن میں بنتا ہے۔ آئی فون 11 پرو اور اس کا میکس وریژن تین کیمروں کے ساتھ آتا ہے جو ٹرائپوفوبیا میں مبتلا افراد کے لیے پریشان کن شکل تشکیل دیتے ہیں جس کے باعث ایپل کے ان موبائل فونز سے متعلق شکایات سامنے آ رہی ہیں۔