لاہور: (ویب ڈیسک) مشہور ٹیکنالوجی برانڈ ایپل کے اگلے برس لانچ ہونے والے نئے آئے فونز کی شکل ممکنہ طور پر پرانے آئی فون 4 سے ملتی جلتی ہوگی۔
معروف ٹیکنالوجی ویب سائٹ میک ریومر کی رپورٹ کے مطابق ایپل تجزیہ کار منگ چی کیو کا کہنا ہے کہ آئندہ برس ممکنہ طور پر آئی فون کے نئے ماڈلز فلیگ شپ ڈیزائن کے بجائے آئی فون 4 کی طرح میٹل فریم ڈیزائن میں متعارف ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ برس کے آئی فون ڈیزائن میں 5 ڈی گلاس ہی استعمال کیا جائے گا لیکن باڈی کے چاروں کنارے میٹل فریم سے تیار کیے جائیں گے۔ منگ چی کیو کا کہنا تھا کہ نئے ماڈلز میں گلاس کے ساتھ میٹل فریم آئی فون ڈیزائن کو مضبوطی فراہم کرے گا لیکن اس کے ساتھ آئی فون کی قیمت میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی فون فور کو 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا جب کہ رواں ماہ ایپل نے آئی فون 11 سیریز کے تین نئے ماڈلز متعارف کرائے ہیں جن میں آئی فون 11، تین کیمروں پر مشتمل 11 پرو اور 11 پرو میکس شامل ہے۔