ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی خالی گاڑی نوجوان کی جان لے گئی

Last Updated On 15 December,2019 09:38 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے گاڑی چلانے کا طریقہ تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے جبکہ ڈرائیور کے بغیر گاڑیاں بھی سڑکوں پر چلانے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہیں تاہم امریکی ریاست نیو یارک میں ریموٹ کنٹرول سے چلنے خالی گاڑی نے نوجوان کی جان لے لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 21 سالہ مائیکل کوسانوچ نامی نوجوان دو گاڑیوں کے بیچ میں کھڑا ہوا تھا کہ اچانک ان میں سے ایک ٹویوٹا لیکسس گاڑی (جو ریموٹ کنٹرول سے سٹارٹ ہوتی تھی) چل پڑی اور نوجوان پر چڑھ گئی۔

اس دوران راہ گیروں نے اسے بچانے کی کوشش کی لیکن گاڑی مزید آگے بڑھتی گئی اور نوجوان کو کچل دیا۔

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق نوجوان کو تشویش ناک حالت میں فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ اس حوالے سے ٹویوٹا موٹرز کی ترجمان نے شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نوجوان کے گھر والوں سے دلی ہمدردی ہے۔

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گاڑی کے ہدایت نامے میں صارفین کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ گاڑی کے آس پاس کے حالات سے ناواقف ہیں تو انہیں انجن کو دور سے رہ کر نہیں چلانا چاہیے، اس سے گاڑی کے آس پاس کسی بھی شخص کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔