لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے عوامی رابطوں کیلئے عوام زیادہ تر استعمال واٹس ایپ اور میسنجر کو ٹکر دینے اور انھیں پیچھے چھوڑنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل کی جانب سے آئی میسج کی طرز کے فیچر کو متعارف کرانے کے حوالے سے مزید پیشرفت ہوئی ہے۔ کمپنی کی جانب سے رواں ماہ نومبر میں اپنی میسجز ایپ کو رچ کمیونیکشن سروسز (آر سی ایس) سے اپ ڈیٹ کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
گوگل سال 2016ء سے آر سی ایس پر کام کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں دنیا بھر کی سمارٹ فونز بنانے والی کمپنیوں سے اشتراک کیا گیا لیکن صارفین تک اس کی رسائی ابھی تک ممکن نہیں ہو سکی ہے۔
اگر آپ امریکا میں مقیم ہیں تو اب گوگل کی میسجز ایپ کو باضابطہ طور پر جدید چیٹ فیچرز جیسے ریڈ رسیپٹ، ٹائپنگ انڈیکٹر اور گروپ و فوٹو میسجز کی بہتر سپورٹ حاصل ہوگئی ہے۔
یہ اپ ڈیٹ گوگل کی جانب سے ایس ایم ایس کو متروک کرنے کی برسوں پرانی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
آر سی ایس اینڈرائیڈ میں ایس ایم ایس کی جگہ لے گا ۔ موبائل صارفین اس کو مختلف عوامی رابطوں کیلئے استعمال کر سکیں گے۔ گوگل کی جانب سے آر سی ایس کو 2019ء میں سب سے پہلے انگلینڈ اور فرانس میں متعارف کرایا گیا تھا۔