لاہور: (روزنامہ دنیا) ہیکرز واٹس ایپ صارفین سے دھوکہ دہی سے تصدیقی کوڈ ہتھیا کر واٹس ایپ تک رسائی پانے لگے۔ صارفین کا ڈیٹا غیر محفوظ ہونے لگا۔
ذرائع کے مطابق ہیکرز کسی بھی صارف کا نمبر استعمال کر کے واٹس ایپ اکاؤنٹ بناتے ہیں اور جب واٹس ایپ کی طرف سے تصدیقی کوڈ صارف کے موبائل پر بھجوایا جاتا ہے تو یہ ڈیجیٹل چور فوراً اس صارف کو فون کرتے ہیں اور بہانہ یہ بنایا جاتا ہے کہ غلطی سے ایزی پیسہ کا کوڈ ان کے نمبر پر چلا گیا ہے۔
لاعلمی میں صارف واٹس ایپ کمپنی سے آیا کوڈ ڈیجیٹل فراڈیوں کو بتا دیتا ہے جس کے بعد اس صارف کے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک ان چوروں کی رسائی ممکن ہو جاتی ہے۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر ایف آئی اے آصف اقبال کا کہنا ہے کہ صارفین نامعلوم کال پر کوڈ کی معلومات فراہم نہ کریں۔ واٹس ایپ ہیک نہیں ہوتا بلکہ تصدیقی کوڈ چوری ہوتا ہے۔
کوڈ چوری کرنے والا اگر کسی صارف کے واٹس ایپ کا غلط استعمال کرے تو وہ جرم ہے جس پر ایف آئی کارروائی کرتا ہے۔