لندن: (روزنامہ دنیا) پوری دنیا میں ہرسال لاکھوں بچے یا تو قبل از وقت آنکھ کھولتے ہیں یا پھر وہ کسی نہ کسی پیچیدگی کا شکار ہوکر مرجاتے ہیں لیکن اب ایک ایپ اس سے خبردار کرسکتی ہے تا کہ مائیں چوکنا رہ کر اپنا علاج کروا سکیں اور اپنی اور آنے والے بچے کی جان بچا سکیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کنگز کالج کے ماہرین نے یہ ایپ تیار کی ہے۔ QUiPP v2 نامی ایپ خاتون سے بعض کیفیات کے متعلق پوچھتی ہے جن میں سکڑاؤ، ماہانہ ایام جیسے درد، کمر کی تکلیف اور بار بار پانی کی تھیلی پھٹ جانے یا بہہ جانے کا ان دیکھا احساس شامل ہیں۔
اسی طرح رحم کی چوڑائی کم ہونے کو بھی ایپ نوٹ کرتی رہتی ہے اور ان علامات کی بنا پر خطرے کو فی صد میں ظاہر کرتی ہے۔
کنگز کالج کے ماہرین نے ایپ کو باقاعدہ استعمال کیا ہے اور اس کی تفصیلات متعلقہ سائنسی جریدے میں شائع کرائی ہیں۔ اس ایپ پر کام کرنے والی سب سے اہم ماہر ڈاکٹر جینی کارٹر کہتی ہیں کہ اب ہم اپنی تحقیق لوگوں کے سامنے پیش کر رہے ہیں اور یہ ایپ ہر طرح سے قابلِ اعتبار ہے۔