واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) امریکی بحریہ نے اپنے ایک جنگی جہاز پر نیا لیزر ہتھیار نصب کر دیا ہے، اس ہتھیار کو ’’اوڈن‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ہتھیار کو ڈیزائن کرنے کا مقصد ڈرون طیارے کے سنسر نظام کو اندھا اور معطل کرنا ہے۔ یہ ہتھیار امریکی بحریہ کے جہاز ڈیوائے پر نصب کیا گیا ہے جو گائیڈڈ میزائلوں سے لیس ہے۔
یہ نظام صرف ڈرون طیاروں کے سینسر نظام کو تباہ کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا، جن جنگی طیاروں کو انسان پائلٹ اڑاتے ہیں ان کیلئے اس لیزر لائٹ کا استعمال غیر قانونی ہونے کے سبب نہیں کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی بحریہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اوڈن نامی یہ لیزر ہتھیار بنانے اور جنگی بحری جہاز میں نصب کرنے میں اڑھائی برس کا عرصہ لگا ہے۔
واضح رہے کہ اوڈن کا لیزر نظام اُن لیزر ہتھیاروں سے مختلف ہے جن میں سے بعض کی تنصیب 2014میں امریکی بحریہ کی جنگی سواریوں میں شروع کی گئی تھی، ان ہتھیاروں کا کام لیزرلائٹ کے دھماکے سے اہداف کو تباہ کرنا ہوتا ہے۔