فیصل آباد: کرونا خطرے کے باوجود ہسپتالوں میں سہولیات ناکافی ہیں، صرف 2 وینٹی لیٹرز دستیاب

Last Updated On 15 March,2020 08:32 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ تو کردی گئی لیکن فیصل آباد کے ہسپتالوں میں تاحال سہولیات ناکافی ہیں۔ ضلع بھر کے لئے چند بیڈزکا انتظام کیا گیا ہے جبکہ صرف 2 وینٹی لیٹرز کی سہولت موجود ہے۔

کرونا عالمی وبا، پاکستان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی لیکن فیصل آباد کے ہسپتالوں میں ناکافی انتطامات کے باعث شہری پریشان ہیں۔ محکمہ صحت نے الائیڈ ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں 6، سول میں 3 اور تحصیل ہسپتالوں میں 2، 2 بیڈز مختص کر کے بھرپور انتظامات کا دعویٰ کر دیا۔

الائیڈ اور سول ہسپتال میں ایک ایک وینٹی لیٹر کے علاوہ کسی ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں وینٹی لیٹر کی سہولت موجود ہی نہیں جبکہ این 95 ماسکس کی بھی شدید کمی ہے۔

شہری کہتے ہیں حکومت وبا پھوٹنے سے قبل انتظامات مکمل کرے، الائیڈ ہسپتال کے آئسولیشن وارڈز میں کرونا کے مشتبہ مریضوں کے لئے الگ الگ کمرے بنائے گئے ہیں جہاں پر سرجیکل گلوز، شو کور، گوگلز اور دیگر احتیاطی انتظامات تو کئے گئے ہیں تاہم شہریوں کا کہنا ہے رورول ہیلتھ سینٹروں اور بنیادی مراکز صحت تک انتظامات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔