فیس بک نے میسنجر ڈیسک ٹاپ ایپ متعارف کرا دی

Last Updated On 06 April,2020 07:00 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) دنیا کی مشہور ترین سوشل میڈیا ویب فیس بک نے آخر کار میسنجر ڈیسک ٹاپ ایپ متعارف کروا دی جس سے اب صارفین اپنے کمپیوٹر سے دوستوں اور خاندان والوں کے ساتھ پیغامات اور ویڈیو چیٹ بھی کر سکیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صارفین فیس بک میسنجر ڈیسک ٹاپ ایپ مائیکرو سافٹ سٹور اور میک ایپ سٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں جس کے بعد آپ اپنے دوستوں اور خاندان والوں سے کمپیوٹر پر بھی ویڈیو چیٹ کر سکیں گے۔

دوسری جانب فیس بک میسنجر کی ڈیسک ٹاپ ایپ پر صارفین کے لیے  ڈارک موڈ  بھی دستیاب ہے جو کہ چند ماہ قبل فیس بک موبائل ایپ پر متعارف کرایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پیشِ نظر ویڈیو کالنگ ایپس کے استعمال میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کے باعث تعلیمی اداروں اور دفتر کا کام گھر بیٹھے آن لائن ہی کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے متعلق فیس بک نے نیا فیچر متعارف کرا دیا

اس سے قبل کورونا سے نمٹنے کے لیے فیس بک نے ایک مدد گار فیچر ایکٹیو کیا تھا۔ فیس بک میں کمیونٹی ہیلپ فیچر 4 سال پہلے شامل کیا گیا تھا۔ لیکن اب فیس بک کے اس کمیونٹی ہیلپ فیچر میں عالمی وبا کووڈ-19 کو بھی شامل کر دیا گیا ہے۔

فیس بک کے کمیونٹی ہیلپ فیچر کے ذریعے کسی بھی ملک میں موجود متاثرہ شخص 50 کلومیٹر کے محیط کے اندر مدد کی درخواست کرسکے گا۔

دوسری جانب اسی طرح اگر کوئی شخص مدد فراہم کرنا چاہے گا تو اس کے لیے بھی یہ فیچر مدد گار ثابت ہو گا۔

خیال رہے کہ اس خطرناک عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی سرگرم ہیں اور آئے روز پلیٹ فارمز کووڈ 19 سے آگاہی سے متعلق اقدامات سرانجام دے رہے ہیں۔