آئندہ تین سالوں میں آئی ٹی برآمدات کا ہدف 5 ارب ڈالر مقرر

Published On 27 August,2020 11:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ تین سالوں میں آئی ٹی برآمدات کا ہدف 5 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔

 

تفصیل کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انھیں بتایا گیا کہ آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے ٹیکس میں کمی لانے کی تجاویز پر کام جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی سفارتخانوں کی معاونت سے آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے شعبے میں بے انتہا صلاحیت موجود ہے۔ شعبے کے فروغ سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔ آئی ٹی شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ چیئرمین ایف بی آر آئی ٹی سیکٹر سے وابستہ کمپنیوں کو ٹیکس کے حوالے سے درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیں۔ وزیراعظم نے بڑے شہروں میں آئی ٹی کلسٹرز بنانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اسے حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔