فرینکفرٹ: (روزنامہ دنیا) جرمنی کے سائنس دانوں نے رات کے وقت بجلی پیدا کرنے والے انٹی سولر پینل تیار کرلئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سائنس دانوں نے رات میں بجلی پیدا کرنے والی سولر ٹیکنالوجی ڈھونڈ نکالی ہے جو رات میں زمین کی گرمی سے بجلی پیدا کرسکے گی۔ خصوصی طور پر تیار کئے گئے پینل اپنے اردگرد رات کے وقت زمین سے نکلنے والی معمولی سی ریڈی ایشن کو کھینچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اسی ریڈی ایشن کو بجلی میں بدلنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی صاف اور ماحول دوست توانائی کی پیداوار کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ ان کا اس ٹیکنالوجی سے متعلق کہنا ہے کہ روایتی سولر پینل سورج کی روشنی سے ٹھنڈے ہو کر بجلی بناتے ہیں جبکہ انٹی سولر پینل رات کے وقت زمین سے نکلنے والی ریڈی ایشن سے ٹھنڈے ہوتے ہیں جس سے بجلی بناتے ہیں۔ ماہرین کا یہ بھی خیال ہے کہ گاڑیوں سے خارج ہونے والی توانائی سے بھی بجلی بنائی جا سکتی ہے۔
اس ٹیکنالوجی کو ان علاقوں میں استعمال کیا جائے گا جہاں سورج تادیر نہیں نکلتا، خاص طور پر قطب شمالی کے ممالک جہاں 6 ماہ تک سورج نہ نکلنے کے سبب رات رہتی ہے۔