پیرس: (دنیا نیوز) سائنسدانوں نے مریخ کی سطح کی نیچے پانی کی چار جھیلیں دریافت کر لی ہیں۔ سیارے کی مخصوص آب وہوا کے باعث پانی سطح کے اوپر موجود نہیں رہ سکتا۔ حالیہ دریافت یورپین سپیس ایجنسی کی جانب سے کی گئی ہے۔
تفصیل کے مطابق سائنسدانوں کی کوششیں رنگ لے آئیں کیونکہ زمین سے تقریباً چارکروڑ میل دور واقع مریخ پر پانی دریافت ہو گیا ہے۔ ماہرین نے مریخ کی سطح کے نیچے چار مختلف پانی کی جھیلوں کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔
مریخ کی ہلکی آب وہوا کے باعث سطح کے اوپر پانی کی موجودگی ممکن نہیں ہے۔ حالیہ دریافت 2003ء سے مریخ کے مدار میں موجود یورپین سپیس ایجنسی کی سیٹلائٹ کے ذریعہ ہوئی۔
خلائی ماہرین نے گزشتہ دس سال میں ریڈار سے حاصل ہونے والی 134 رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد پانی کی موجود گی کی تصدیق کی۔ زمین پر گلیشئرز کے نیچے موجود جھیل کی دریافت کی تکنیک استعمال کرکے مریخ پر جھیل دریافت کی گئی۔
خلائی ماہرین کا ماننا ہے کہ مریخ میں انتہائی کم درجہ حرارت میں پانی کی مائع صورت میں موجودگی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہاں موجود پانی انتہائی کھارا ہے جس کی وجہ سے اس کا نقطہ انجماد مزید کم ہو گیا۔