ایپل نے آئی فون 12 لانچ کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا‌

Published On 07 October,2020 03:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی فون کے شوقین صارفین کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں کیونکہ آئی فون 12 کو لانچ کرنے کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں پھیلی کورونا وبا کے پیش نظر ایپل کا آئی فون 12 تاخیر کا شکار تھا تاہم کمپنی نے اب 13 اکتوبر کو لانچ کرنے کا حتمی اعلان کر دیا ہے، اس حوالے سے تقریب کا انعقاد آن لائن کیا جائے گا جو ایپل کی آفیشل ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہو گا۔ 

یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے صارفین آئی فون 12 کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے، سوشل میڈیا پر فون کی دستیابی سے متعلق افواہوں کی بھرمار تھی جس کے باعث صارفین گومگو کی کیفیت میں مبتلا تھے، کمپنی کے اعلان کے بعد صارفین انتظار اور کنفیوژن کی کیفیت سے اب نکل آئیں گے۔ کمپنی کی جانب سے 4 ماڈلز متعارف کروانے کی توقع ہے جن میں 5.4 انچ  آئی فون 12 منی، 6.1 انچ آئی فون 12، 6.1 انچ آئی فون 12 پرو اور 6.7 انچ آئی فون 12 پرو میکس شامل ہیں۔

مارکیٹ پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ رواں سال متعارف کروائے جانے والے آئی فون 12 کی قیمت 100 ڈالر زائد ہو گی کیونکہ کمپنی نے اس سیٹ میں 5 جی کنیکٹویٹی بھی شامل کی ہے تاہم کمپنی کی جانب سے ایسا کوئی دعوی نہیں کیا گیا۔