اسلام آباد کی سیکیورٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، ڈرون سے پیٹرولنگ شروع

Published On 14 October,2020 09:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی پولیس کی جانب سے اسلام آباد شہر کی سیکیورٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون سے پیٹرولنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق اس سلسلے میں اسلام آباد میں پولیس ایئر پٹرولنگ یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ اس کا عملی مظاہرہ آج ڈی چوک پر لیبر یونین کے احتجاج کے موقع پر کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ائیر پڑولنگ یونٹ سے مظاہرے کا جائزہ لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کا کہنا تھا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرون کے استعمال کو پولیس ایئر پٹرولنگ یونٹ کا نام دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون کی مدد سے ٹریلز پر گم ہو جانے والے افراد کو تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ دنیا میں ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال اب بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ ڈرون زراعت، ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے اور کوہ پیماؤں کی مدد کیلئے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔