وارسا: (دنیا نیوز) پولینڈ میں دوسری جنگ عظیم کے دوران گرایا گیا بم ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران پھٹ گیا تاہم کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق مذکورہ بم زیر آب ہونے کے باعث اس دھماکے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اس بم کی لمبائی 6 میٹر اور وزن 5.4 ٹن تھا۔ ٹال بوائے نامی یہ بم برطانوی فضائیہ نے اس وقت یہاں موجود جرمن بحری جہاز پر گرایا تھا۔
بم کو ناکارہ بنانے سے قبل 750 افراد کو علاقے سے باہر بھجوا دیا گیا تھا، بحری فوج نے اس کو ناکارہ بنانے کے لیے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کا استعمال کیا تاہم اس ڈیوائس کے استعمال کے دوران ہی بم دھماکے سے پھٹ گیا۔ یہ بارہ میٹر کی گہرائی میں تھا اور صرف اس کا سامنے کا حصہ نظر آ رہا تھا۔
پولش بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بم اب خطرہ نہیں رہا، ناکارہ بنانے کے عمل کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بحری فوج کے تمام تیراک دھماکے کے وقت پانی سے باہر تھے۔