واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) ایک امریکی کمپنی نے ’’راون ایکس‘‘کے نام سے دنیا کا سب سے بڑا ڈرون طیارہ تیار کر لیا جو مصنوعی سیارچے خلا تک پہنچانے کیلئے استعمال ہو گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈرون کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ بہت کم وقت میں اور بہت کم خرچ پر مصنوعی سیارچوں کو خلا تک پہنچا سکے گا ۔ ڈرون 80فٹ لمبا اور 18فٹ چوڑا ہے جبکہ اس کے بازوؤں کا پھیلاؤ 60 فٹ ہے۔
اتنی بڑی جسامت کے باوجود اسے ٹیک آف اور لینڈنگ کیلئے صرف ایک میل لمبے رن وے کی ضرورت ہوگی۔ کمپنی نے دعوی کیا ہے کہ یہ مکمل طور پر خودکار انداز میں اڑان بھرنے کی اہلیت کا حامل ہے اور اسی طرح زمین پر بھی خود اتر سکتا ہے، تاہم ابھی تک جتنے ڈرونز بنائے گئے ہیں ان میں پائلٹ تو نہیں بیٹھا ہوتا تاہم زمین پر بیٹھ کر ہی کنٹرول کیا جاتا ہے۔
یہ ڈرون کسی بھی موسم میں پرواز کر سکتا ہے اور ایک مشن مکمل کرنے کے بعد فوری دوسری اڑان بھرنے کے حامل طیارے کمپنی کی جانب سے جلد تیار کرنے کیا دعوی کیا گیا ہے، کمپنی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ کئی سرکاری اور نجی اداروں نے کم خرچ کے حامل ڈرون کے سبب مصنوعی سیارچے خلا میں بھیجنے کے معاہدے بھی کر لئے ہیں۔
۔