ایپل آئی فونز کی بیٹری تیزی سے ختم ہونے کا مسئلہ، صارفین پریشان

Published On 08 December,2020 06:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے تیار کردہ آئی فونز کی بیٹریاں جلد ہی ختم ہو رہی ہیں، اس مسئلے کی وجہ سے صارفین کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس معاملے کے حل کیلئے کوئی بیان نہیں دیا گیا۔ اس وقت لاکھوں صارفین کے آئی فونز آئی او ایس 14.2 پر چل رہے ہیں۔ صارفین کی جانب سے موبائل کی بیٹریاں جلد ختم ہونے کی سینکڑوں شکایات سامنے آ چکی ہیں۔

ایپل کی جانب سے آئی او ایس 14.2 کو نومبر کے شروع میں جاری کیا گیا تھا، جس میں کچھ اہم سیکیورٹی اپ ڈیٹس کی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ نئے ایموجی اور دیگر معمولی اپ ڈیٹس بھی کی گئی تھیں۔ تاہم اس آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ میں بیٹری کے مسائل کے حوالے سے کوئی اپ ڈیٹ نہیں کی گئی۔

کچھ افراد نے بتایا کہ صرف کال یا ٹیکسٹ سے بھی بیٹری لائف بہت تیزی سے کم ہوتی ہے جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ استعمال نہ کرنے پر بھی بیٹری ختم ہونے لگتی ہے۔

کچھ صارفین نے یہ بھی شکایت کی کہ اس اپ ڈیٹ کے بعد بیٹری ہیلتھ میٹرک میں نمایاں کمی آئی جبکہ دیگر نے بتایا کہ ان کے آئی فونز چارجنگ یا عام استعمال کے دوران بہت زیادہ گرم ہوجاتے ہیں۔ یہ مسئلہ آئی فونز کے مختلف ماڈلز اور آئی پیڈز میں بھی دیکھا گیا ہے۔