جاپانی خلائی جہاز سیارچے کی مٹی لیکر زمین پر اتر گیا

Published On 09 December,2020 12:33 pm

ٹوکیو:(روزنامہ دنیا) جاپان کی جانب سے نظامِ شمسی کے چار ارب 60 کروڑ سال قدیم شہابئے پر اتر کر وہاں سے مٹی کے نمونے لے کر ‘ہایابوسا دوم’ نامی خلائی جہاز زمین پر کامیابی سے اترگیا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپانی ٹائم زون کی صبح ڈھائی بجے، ہایابوساٹو آسٹریلیا کے ایک ویران ریگستان میں اترا۔ اس دوران ایک کیپسول زمینی فضا میں کسی روشن شہابئے کی طرح داخل ہوا اور اپنے پیراشوٹ کھول کر آسٹریلیا میں اترا۔ جاپانی خلائی ایجنسی کے مطابق ہایابوسا ٹو ایک دوسرے مشن پر روانہ ہوگیا ہے اور یہ کیپسول سوادولاکھ کلومیٹردور ایک شہابئے سے مٹی لے کر زمیں تک پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ اس پورے منصوبے پر 15 کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے جبکہ زمین پر 0.1 گرام مٹی ہی پہنچی ہے ۔گھریلو فریج کے سائز کا سیارچہ زمین سے سوا 2 لاکھ کلو میٹر کی دوری پر ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ شہابیہ بہت قدیم ہے اس لئے اس کی مٹی پر تحقیق سے نظام شمسی کےبننے اور ارتقا کے حوالے سے اہم معلومات حاصل ہو سکیں گی۔ یہ مشن جاپانی خلائی تسخیر کی ایجنسی ‘جاکسا’ نے 3 دسمبر 2014 کو زمین سے روانہ کیا تھا۔ چین کا بھی چینگ 5 نامی مشن چاند کی مٹی سمیت دیگر مواد کا مشن کامیابی سے پورا کرنے کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔