اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹیکنالوجی کے شعبے کی برآمدات میں اضافے اور ٹیلی کام سیکٹر میں جدت لانے کا مشن، حکومت نے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ہوں گے۔
دستاویز کے مطابق سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پالیسی سازی میں معاونت کرے گی اور نیشنل ایمرجنگ ٹیکنالوجیز اور نینشل انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے لئے حکمت عملی مرتب کرے گی۔
آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا فروغ اور بیرون ملک پروموشن بھی اتھارٹٰی کے فرائض میں شامل ہے۔ اتھارٹی ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مراعات بھی تجویز کرے گی۔
اتھارٹی ٹیکنالوجی زونز کے قیام کے لیے ماسٹر پلان بھی مرتب کرے گی۔ یہ اتھارٹی سرمایہ کاروں کے لئے ون ونڈو کا کام کرے گی۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری پر دس سال کے لیے ٹیکس چھوٹ دینے کی بھی تجویز ہے۔