پی سی آر ٹیسٹنگ کی مکمل تجربہ گاہ،انگلی سے بھی چھوٹی

Published On 12 December,2020 10:20 am

لندن: (روزنامہ دنیا) برطانوی سائنسدانوں نے پی سی آر ٹیسٹنگ کے ذریعے مختلف بیماریوں کی تشخیص کیلئے چھوٹی سی چپ پر ایسی تجربہ گاہ تیار کرلی ہے جو صرف ایک سینٹی میٹر لمبی اور ایک سینٹی میٹر چوڑی ہے اور کسی بڑی تشخیصی تجربہ گاہ جتنی کارکردگی کی حامل ہے جبکہ اس سے تشخیصی ٹیسٹ کا نتیجہ بھی صرف چند منٹ میں حاصل ہوجاتا ہے۔

یہ ننھی سی تشخیصی چپ (ڈائگنوسٹک چپ) جسے امپیریل کالج لندن کے ماہرین نے ایجاد کیا ہے، بیماریوں اور تکالیف کی وجہ بننے والے کئی طرح کے جرثوموں اور وائرسوں کو شناخت کرسکتی ہے، یعنی اسے کورونا کی تشخیص میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یہ تشخیصی چپ ایجاد کرنے والی ٹیم کے ایک سینئر سائنسدان فیرات گوئدر کا کہنا ہے کہ سلیکان پر کسی مائیکروچپ کی طرح نقش کی گئی اس چھوٹی سی تشخیصی تجربہ گاہ نے وقت اور لاگت، دونوں کے مسائل ایک ساتھ حل کردئیے ہیں۔