زکام کی ‘ہر فن مولا’ ویکسین کی پہلی انسانی آزمائش کامیاب

Published On 11 December,2020 12:38 pm

نیو یارک:(روزنامہ دنیا) سائنسدانوں نے موسمی زکام سے بچانے کیلئے ‘‘یونیورسل فلو ویکسین’’ کی پہلے مرحلے کی طبی آزمائشوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سائنسدان چاہتے ہیں کہ زکام کی ایسی ویکسین تیار کرلی جائے جو نہ صرف زکام کی بیشتر اقسام سے تحفظ فراہم کرے بلکہ برسوں تک مفید و کارآمد بھی رہے ، ماہرین نے اپنی اس امید کو ‘‘یونیورسل فلو ویکسین’’ (زکام کی ہر فن مولا ویکسین) کا نام دے رکھا ہے ۔ مذکورہ ویکسین کامیاب ہونے والی سب سے پہلی یونیورسل فلو ویکسین ہے ۔

اس ویکسین کے فیز ون کلینیکل ٹرائلز میں 66 رضاکار شریک کئے گئے ۔ریسرچ جرنل ‘‘نیچر میڈیسن’’ کی شائع کردہ تفصیلات سے پتا چلتا ہے کہ ویکسین لگوانے والے تقریباً تمام رضاکاروں میں 18 ماہ بعد بھی فلو وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز موجود تھیں جو ان کے قدرتی دفاعی نظام میں فلو کے خلاف سرگرمی کا پتا دے رہی تھیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماہرین کی مختلف ٹیمیں فلو ویکسینز تیار کر رہی ہیں جو تجرباتی درجے سمیت مختلف مراحل میں ہیں تاہم مذکورہ ویکسین کامیاب ہونے والی سب سے پہلی یونیورسل فلو ویکسین بتائی جا رہی ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ ویکسین اصل میں بھی کامیابی حاصل کر پاتی ہے یا نہیں جو فی الحال آزمائشی طور پر سائنسدانوں کی امیدوں پر پورا اتری ہے۔