اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹٰی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا ریگولیشنز بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ تاثر دیا گیا کہ نئے رولز اظہار رائے پر پابندی ہیں۔ سوشل میڈیا کمپنیاں منفی پروپیگنڈے میں ملوث ہیں۔
تفصیل کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی کے اجلاس میں سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس اور توہین آمیز مواد کے معاملے پر غور کیا گیا۔ رکن کمیٹی بیرسٹر سیف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جعل سازی عام ہو چکی ہے۔ بلوچستان میں جعلی آئی ڈیز کی بھرمار ہے۔ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈالی جا رہی ہیں۔
قائمہ کمیٹٰی کے اجلاس میں تجویز دی گئی کہ چین اور روس طرز کا اپنا سیٹ اپ بنایا جائے۔ سینٹر رحمان ملک نے کہا کہ یو اے ای اور سعودی عرب طرز کا طریقہ کار اپنایا جائے۔ ٹویٹر، یوٹیوب اور فیس بک پر جعلسازی بہت ہے۔
سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ سوشل میڈیا رولز بنائے جا چکے ہیں۔ سوشل میڈیا کمپنیوں کو نو ماہ میں دفاتر بنانے ہیں۔ پاکستان میں دفاتر کھولنے کے حوالے سے سوشل میڈیا کمپنیاں روڑے اٹکا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا کمپنیاں پی ٹی اے اور ایف آئی اے سے تعاون نہیں کر رہیں۔