اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بلاک کئے گئے پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس کے لئے ٹویٹر سے رابطہ کیا ہے۔
پی ٹی اے نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے بارے میں ٹویٹس کرنے پر پاکستانی صارفین کے ٹوٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے کے معاملے کو ٹوئٹر انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا ہے۔
پی ٹی اے کو صارفین کی جانب سے ان کے اکاؤنٹس بلاک اور معطل ہونے کی 369 شکایات موصول ہوئیں۔ جائزے کے بعد پی ٹی اے نے ایسے 280 اکاؤنٹس ٹویٹر کو رپورٹ کئے جو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت میں پوسٹ کرنے پر معطل کئے گئے ہیں۔
پی ٹی اے نے ٹویٹر انتظامیہ کے ساتھ اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی اثرورسوخ کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ناصرف پاکستانی صارفین کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہا ہے بلکہ اپنی ہی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
ٹویٹر انتظامیہ کو پاکستانی صارفین کے حوالے سے اپنے متعصبانہ رویہ پر غور کرنے کا کہا گیا ہے، بالخصوص ان اکاؤنٹس کے بارے میں جو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کی حمایت کر رہے ہیں۔