انقرہ: (ویب ڈیسک) پاکستان، ترکی اور آذربائیجان خلا کو مسخر کرنے کیلئے سائنسی معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر ایردوان نے ترکی کے قومی خلائی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے اور ترکی سپیس ایجنسی کو اس پروگرام کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
ویب سائٹ ترکی اردو کے مطابق اس بات کا اعلان ترکی کے وزیر صنعت وٹیکنالوجی مصطفیٰ ورانک نے کیا ہے۔ ان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خلا کو سویلین مقاصد کے لئے ضروری ہے کہ عالمی سطح پر مختلف ممالک سے معاہدے کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے کئی ممالک کو سپیس ٹیکنالوجی کی برآمدات سے اربوں ڈالر کمائے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت ترکی سپیس ٹیکنالوجی اور سپیس اکانومی میں تیزی سے آگے بڑھے گا۔
مصطفیٰ ورانک کا کہنا تھا کہ جلد ہی تینوں ملک خلائی سائنس میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ خلائی معیشت میں ترکی بہت جلد ایک اہم ملک ہوگا۔
ترک وزیر کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لئے چین، امریکا، روس، جاپان اور بھارت کے ساتھ بھی باہمی تعاون کے معاہدوں کے لئے بات چیت شروع کر دی ہے۔