کراچی کی انجینئرنگ یونیورسٹی نے آئی سی یو وینٹی لیٹر تیار کر لیا

Published On 30 April,2021 08:59 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی انجینئرنگ یونیورسٹی این ای ڈی نے انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) وینٹی لیٹر تیار کر لیا ہے، پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ہیومن ٹرائل کی بھی منظوری دے دی۔

کورونا وائرس نے جہاں ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کو معاشی مسائل میں گھیرے رکھا، وہاں ان ممالک کا صحت کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ بڑی بڑی طاقتیں اس وباء کے شکنجے میں جکڑی ہوئی ہیں، کہیں آکسیجن کی قلت تو کہیں وینٹی لیٹرز کی کمی کا سامنا ہے۔

ایسے میں کراچی کی انجینئرنگ یونیورسٹی این ای ڈی کے پروفیسر ڈاکٹر ریاض الدین اور ان کی ٹیم نے انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) وینٹی لیٹر تیار کیا ہے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ہیومن ٹرائل کی بھی منظوری دے دی ہے۔

پروفیسرریاض کہتے ہیں اسے رسک اینالیسز پر چلا رہے ہیں، ہیومن ٹرائل کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی بچانے والے آلات کی تیاری اور
ڈیزئننگ میں خود انحصاری کی جانب سے ایک بڑا قدم ہے، دوسری مشینوں کی نسبت یہ سستا ہوگا۔

کورونا وبا جہاں آزمائش ہے وہیں کچھ لوگوں نے اس آزمائش میں اپنے اور دوسروں کے لیئے نئی راہیں بھی تلاش کی ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ مقامی سطح پر جان بچانے والے آلات تیار کیے جائیں اور خود انحصاری بڑھائی جائے۔
 

Advertisement