کورونا کے پھیلاؤ میں کمی، ایپل کا دفاتر کھولنے کا اعلان، ملازمین کا آنے سے انکار

Published On 10 June,2021 09:00 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے ملازمین نے دفاتر میں آنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے میں ںظر ثانی کرتے ہوئے اس میں نرمی کی جائے۔

امریکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکا کے مطابق ایپل کمپنی کی جانب سے اپنے ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ستمبر 2021ء سے صرف ہفتے میں 3 روز کیلئے دفاتر میں حاضری یقینی بنائیں۔

تاہم اس ہدایت کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ایپل ملازمین نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمپنی مالکان کو ایک مشترکہ خط لکھا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس خط پر کمپنی کے 80 فیصد ملازمین کے دستخط موجود ہیں۔

ایپل ملازمین نے اپنے مشترکہ خط میں مالکان پر واضح کیا ہے کہ انھیں اپنی ہدایات پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس میں نرمی کرنا ہوگی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ایپل کی پالیسی کی وجہ سے کئی ساتھی کمپنی چھوڑ کر جا چکے ہیں، اب صورتحال یہ ہے کہ دیگر بھی اس صورتحال میں دفاتر میں آنے کو بالکل تیار نہیں ہیں کیونکہ وہ گھروں سے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔

خبریں ہیں کہ ملازمین کی اس مزاحمت کے بعد ایپل کے مالکان سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں کیونکہ نے رواں سال ستمبر میں تمام دنیا میں پھیلے ہوئے اپنے دفاتر کو کھولنے کی مکمل تیاری کر رکھی ہے۔

خیال رہے کہ ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک نے گزشتہ ہفتے ملازمین کو ایک ای میل کے ذریعے ورک پالیسی سے آگاہ کیا تھا۔

ٹم کک کی اس ای میل میں کہا گیا تھا کہ ملازمین کو پیر، منگل اور جمعرات کو دفاتر جبکہ بدھ اور جمعے کو گھر سے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

اپنی ای میل میں کک کا کہنا تھا کہ ویڈیو کانفرنس رابطے میں رہنے کا ایک ذریعہ ہے، لیکن یہ پھر بھی آمنے سامنے بیٹھ کر گفتگو کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
 

Advertisement