نیا آئی فون ماڈل سم کارڈ سلاٹ کے بغیر متعارف کرائے جانے کا امکان

Published On 29 December,2021 02:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے نئے آئی فون ماڈلز کو فزیکل (روایتی) سم کارڈ سلاٹ کے بغیر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق امکان ہے کہ ستمبر 2022 میں متعارف ہونے والے ایپل کی آئی فون 14 سیریز میں فزیکل سم کارڈکا سلاٹ ختم کر دیا جائے گا اور وہ موبائل فونز صرف ای سم (eSIM)کو سپورٹ کریں گے۔

اس سے قبل ایپل کمپنی ستمبر 2018 سے اپنے ماڈل آئی فون( XS) کے متعارف کرائے جانے کے بعد اپنے تمام ماڈلز میں ای سم سپورٹ کا آپشن فراہم کر رہی تھی لیکن اس کے ساتھ ساتھ صارفین فزیکل نینو سم کارڈ(Nano SIM card) کا آپشن بھی استعمال کر رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل کمپنی امریکا میں ستمبر 22 تک صرف eSIM والے اسمارٹ فونز تیار کرنے کی سفارش کر چکی ہے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے امکان ہے کہ کمپنی 2022 کی دوسری سہ ماہی میں آئی فون 13 کے کچھ ماڈلز میں بھی نینو سم کارڈ کا آپشن ختم کر دے گی۔

واضح رہے کہ موجودہ صارفین آئی فون سیریز کے ماڈلز میں ڈوئل سم ( ایک سے زائد) نیٹ ورک استعمال کرنے کیلئے فزیکل نینو سم کارڈ کا استعمال کرتے ہیں۔
اس کا مطلب ہے کہ آئی فون 14 میں جب نینو سم کا آپشن ختم کردیا جائے گا تو صارفین eSIM کے ذریعے ایک سے زائد نیٹ ورک کا استعمال کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ eSIM ایک جدید سم ٹیکنالوجی ہے جو آپ کے فون میں داخل (embedded)کی گئی ہے تا کہ آپ کے موبائل نمبر کو بغیر کسی فزیکل سم ڈالے ایکٹیویٹ کیا جا سکے۔

رپورٹس یہ بھی ہے کہ نینو سم کارڈ کے آپشن کے خاتمے کے ساتھ ساتھ کمپنی موبائل فونز کے ماڈل کو بہتر کرنے کے بارے میں بھی سوچ رہی ہے۔
 

Advertisement