پشاور:(دنیا نیوز) لوگوں کو بہتر خدمات اور سہولیات کی فراہمی کے لئے خیبر پختونخوا حکومت نے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے محکمہ ایکسائز کے تحت پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی اور گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن سسٹم کا اجراء کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سنٹرلائیزڈ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا بھی اجراء کردیا جس سے صوبے کے شہری زما کے پی ایپ کے ذریعے اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن بھی آن لائن کرا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ اگلے مالی سال سے صوبائی حکومت کے تمام محکموں میں ای پروکیورمنٹ کا اجراء کیا جا رہا ہے، پٹوار اصلاحات کے علاوہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل جاری ہے، صوبائی حکومت کرپشن کے تمام راستوں کو بند کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام محکموں کو پیپر لیس بنانے پر بھی کام جاری ہے، پراپرٹی ٹیکس کی آن لائن ادائیگی اور گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن بہت بڑا اقدام ہے، خیبر پختونخوا گاڑیوں کی یونیورسل نمبر پلیٹس کا اجراء کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپیہ مقرر ہے۔