واٹس ایپ نے صارفین کے لئے ایک اور فیچر متعارف کروا دیا

Published On 19 November,2022 04:59 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) پیغام رسانی کی دنیا کی سب سے بڑی ایپلی کیشن واٹس ایپ آئے روز اپنے صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے نت نئے فیچر متعارف کرواتی رہتی ہے۔

ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق میسجنگ ایپ نے واٹس ایپ بزنس ڈائریکٹری کے نام سے ایک اور فیچر لانچ کیا ہے، یہ پہلے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے واٹس ایپ بیٹا پر کچھ بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب تھا، تاہم اب یہ کچھ اور ممالک میں قابل رسائی ہے۔

واٹس ایپ نیوز ٹریکر کے مطابق نیا فیچر صارفین کو کاروبار تلاش کرنے کی اجازت دیتا ہے جب وہ ایپ کے اندر ہی کسی مخصوص زمرے کو تلاش کرتے ہیں جیسے کہ دکانیں، ریستوراں وغیرہ، آخر میں ڈائریکٹری کھول کر ریستوران، دکانیں اور کاروبار تلاش کریں۔

ٹوئٹر پر واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھ کارٹ نے اعلان کیا تھا کہ واٹس ایپ بزنس ڈائریکٹری صارفین کو کچھ اور ممالک میں کاروبار براؤز کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صارفین چیٹس کے اوپری حصے میں موجود سرچ بار میں جو تلاش کر رہے ہیں اسے ٹائپ کرکے نئے کاروبار دریافت کر سکتے ہیں، وہ رابطوں کی فہرست کو کھول کر چیک کر سکتے ہیں کہ آیا یہ فیچر ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹس میں دستیاب ہے، ایک بار جب وہ ایسا کر لیتے ہیں تو انہیں "Discover Businesses" کا شارٹ کٹ مل سکتا ہے۔ تاہم یہ صرف برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، میکسیکو اور برطانیہ میں دستیاب ہے۔

ٹریکر کے مطابق مزید یہ کہ یہ خصوصیت صرف مخصوص کاروبار ہی استعمال کر سکتے ہیں، برازیل میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی تلاش کرنا بھی ممکن ہے، جہاں یہ فیچر ماضی میں پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔

منتخب ممالک میں جن صارفین کے پاس اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے ایپ کا تازہ ترین ورژن انسٹال ہے ان کے پاس یہ فیچر دستیاب ہے، نیا فیچر مزید ممالک میں بھی دستیاب ہوگا۔