ایپس بند ہونے کا خطرہ ٹل گیا، وزارت خزانہ گوگل کو ادائیگیاں کرنے پر راضی

Published On 01 December,2022 08:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گوگل کو پیمنٹس شیڈول کے مطابق کی جائیں گی۔ وزارت خزانہ گوگل کو ادائیگی کرنے پر راضی ہو گئی جس کے بعد ایپس بند نہیں کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے وفاقی وزیر امین الحق نے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ سے رابطہ کیا ہے۔ امین الحق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کو ایک ماہ تک پالیسی پر عملدرآمد مؤخر کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ ٹیلی کام آپریٹرز کو ادائیگیوں کے طریقہ کار پر عملدرآمد کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ ایک ماہ میں وزارت آئی ٹی، خزانہ اور سٹیٹ بینک باہمی مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔

واضح رہے ٹیلی کام آپریٹرز نے وزارت آئی ٹی سے معاملے پر معاونت کی اپیل کی تھی، جس کے بعد وفاقی وزیر امین الحق نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو ادائیگیاں کرنے اور ٹائم فریم دینے کیلئے خط لکھا تھا۔ بروقت فیصلے پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔