کیلی فورنیا : (ویب ڈیسک ) ٹوئٹر نے 100 آزاد ماہرین پر مشتمل اپنی ٹرسٹ اور سیفٹی کونسل کو ختم کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی 100 آزاد ماہرین پر مشتمل ٹرسٹ اور سیفٹی کونسل کو ختم کردیا گیا ہے جو کہ سوشل نیٹ ورک کو مختلف مواد اور انسانی حقوق سے متعلق مسائل کے بارے میں معلومات فراہم کرتی تھی۔
ٹوئٹر سیفٹی کونسل کی تشکیل 2016 میں کی گئی تھی ، اس میں 100 آزاد محققین اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر مشتمل ایک مشاورتی گروپ بنایا گیا تھا، جو بچوں کے جنسی استحصال کے مواد کو ہٹاتا، خودکشی کی روک تھام اور آن لائن حفاظت کے بارے میں رہنمائی فراہم کرتا تھا، گروپ کے متعدد ارکان چند روز قبل مستعفی بھی ہوئے تھے۔
متعدد رپورٹس کے مطابق، کونسل کے اراکین کو پیر کے روز ٹویٹر سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ ٹویٹرایک نئے مرحلے میں داخل ہورہا ہے، ہم اس بات کا ازسرنوجائزہ لے رہے ہیں کہ ہماری مصنوعات اور پالیسی کی ترقی کے کاموں میں بیرونی بصیرت کو کس طرح بہتر بنایا جائے۔
Twitter has dissolved the Trust & Safety Council pic.twitter.com/R2wS9BsqA2
— Anthony DeRosa (@Anthony) December 13, 2022
ای میل میں کہا گیا کہ پلیٹ فارم کومحفوظ اور معلوماتی بنانے کے لیے کام پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھے گا اور اس مقصد کے حصول کے لیے کمپنی آپ کے خیالات کا خیرمقدم کرتی رہے گی۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اکتوبرمیں کمپنی کی سربراہی سنبھالنے کے بعد کمپنی کی افرادی قوت میں بڑے پیمانے پرکٹوتی کی ہے اور وہ اپنے مواد کے فیصلے بھی خود کر رہے ہیں جن میں ان لوگوں کے اکاؤنٹس کی بحالی بھی شامل ہے جنھیں پہلے معطل کردیا گیا تھا۔