میٹا ٹوئٹر کے مقابلے پر نئی ایپ تیار کرنے میں مصروف

Published On 10 March,2023 03:24 pm

سین فرانسیسکو: (ویب ڈیسک) فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا کی جانب سے ٹوئٹر کے مقابلے پر ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نئی رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے ایک ایپ تیار کی جا رہی ہے جس پر صارفین ٹوئٹس جیسی تحریری اپ ڈیٹس کر سکیں گے، اس ایپ کو ابھی پی 92 کا نام دیا گیا ہے اور اس کی تیاری ابتدائی مراحل میں ہے۔

میٹا کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ وہ ایک ڈی سینٹرلائز سوشل نیٹ ورک پر کام کر رہی ہے۔

میٹا کے ایک ترجمان کے مطابق ہم ٹیکسٹ اپ ڈیٹس شیئر کرنے والے سوشل نیٹ ورک پر کام کر رہے ہیں، ہمارا ماننا ہے کہ ایک ایسی ایپ کے لیے جگہ موجود ہے جہاں تخلیق کار اور معروف شخصیات اپنی دلچسپیوں کے بارے میں اپ ڈیٹس شیئر کر سکیں۔

رپورٹ کے مطابق پی 92 کے لیے انسٹاگرام برانڈ کو استعمال کیا جائے گا اور صارفین اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس کے ذریعے اس پر لاگ ان ہو سکیں گے۔

اس نئی ایپ میں انسٹاگرام اکاؤنٹ سے لاگ ان ہونے پر فوٹو شیئرنگ ایپ کی پروفائل تفصیلات نظر آئیں گی، چونکہ یہ ڈی سینٹرلائز ایپ ہوگی تو صارفین اپنے سرورز اور مواد کی جانچ پڑتال کے لیے اپنے اصولوں کو تشکیل دے سکیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صارفین اپنی پوسٹس کو دیگر سرورز پر بھی براڈ کاسٹ کر سکیں گے، مگر ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ ایک دوسرے کو فالو کر سکیں گے یا نہیں، اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ صارفین پوسٹس کو ٹوئٹر کی طرح ری شیئر کر سکیں گے یا نہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ابھی ایپ کو متعارف کرانے کی تاریخ بھی سامنے نہیں آئی۔
 

Advertisement