میٹا نے مزید ہزاروں ملازمین کی برطرفی کا منصوبہ تیار کرلیا

Published On 07 March,2023 03:26 pm

سان فرانسسکو : (ویب ڈیسک ) فیس بک اورانسٹاگرام کی ملکیتی کمپنی میٹا رواں ہفتے مزید ہزاروں ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا نے رواں ہفتے ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا سوشل میڈیا نیٹ ورک گزشتہ سال کے بعد اب ایک بار پھر بڑے پیمانے پر ملازمین کی تعداد میں کمی کیلئے اقدامات کررہا ہے۔

اس سے قبل میٹا نے گزشتہ سال نومبر میں 13 فیصد ملازمین کو فارغ کیا تھا جس کے بعد 11ہزار ملازمین اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :میٹا نے فیس بک میں کئی نئے فیچرز کا اضافہ کردیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹا اس کے علاوہ بھی کمپنی کے انتظامی اسٹرکچر پر کام کررہی ہے جس میں مینجر لیول پر دیے گئے پیکجز میں کمی پر بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس سے ہزاروں ملازمین متاثر ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹا کی جانب سے یہ اقدامات مالی اہداف کے حصول اور کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لئے کیے جارہے ہیں اور اس حوالے سے اب تک باضابطہ کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم یہ کہا جارہا ہےکہ میٹا اس پرآئندہ دنوں میں عملدرآمد کرے گی۔

معاملے سے واقفیت رکھنے والے افراد کے مطابق ملازمین کی برطرفی کا آئندہ دور اگلے ہفتے کے اندر مکمل ہوسکتا ہے۔