نیویارک : ( ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مصنوعی ذہانت کے لئے واچ ڈاگ باڈی بنانے کی تجویز کی حمایت کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مصنوعی ذہانت کے کچھ ایگزیکٹوز کی طرف سے بین الاقوامی اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے ) جیسی بین الاقوامی آرٹیفشل انٹیلی جنس ( اے آئی ) واچ ڈاگ باڈی بنانے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔
جنریٹو AI ٹیکنالوجی نے چھ ماہ قبل ChatGPT کے لانچ ہونے کے بعد سے عوام کو موہ لیا ہے اور یہ اب تک کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی ایپ بن گئی ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے میڈیا ٹاک میں کہا کہ مصنوعی ذہانت کی جدید ترین شکل ’ جنریٹو اے آئی ‘ پر خطرے کی گھنٹی بج رہی ہے، ہمیں ان انتباہات کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔
انتونیو گوتریس نے سال کے آخر تک ایک اعلیٰ سطحی AI مشاورتی ادارے پر کام شروع کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے جو باقاعدگی سے AI گورننس کے انتظامات کا جائزہ لے گا اور اس بارے میں سفارشات پیش کرے گا کہ وہ کس طرح انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور عام بھلائی کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکتے ہیں۔