امریکی حکام کا شہریوں کو چینی ہیکرز کے حوالے سے انتباہ

Published On 14 June,2023 07:25 am

واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکی سائبر سکیورٹی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ امریکی شہریوں کو چینی ہیکرز کی جانب سے سائبر تخریب کاری کے حوالے سے تیار رہنا چاہیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں ایسپین انسٹی ٹیوٹ میں ڈائریکٹر سائبر سکیورٹی اور انفراسٹرکچر سکیورٹی ایجنسی جین ایسٹرلی نے کہا ہے کہ بیجنگ امریکی انفراسٹرکچر کو سبوتاژ کرنے کی صلاحیت میں بڑی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ وہ حقیقی خطرہ ہے جس کے لیے ہمیں تیار رہنے ، اس پر توجہ مرکوز کرنے اور اس کے خلاف کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ امریکیوں کو اس امکان کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے کہ بیجنگ کے ہیکرز ان کو نقصان پہنچائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی سٹیٹ ایکٹرز کی طرف سے خطرے کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے ہمارے لیے رکاوٹوں کو روکنا بہت مشکل ہو گا۔