نیویارک : ( ویب ڈیسک ) چینی کمپنی کی جانب سے متعارف کروائی گئی معروف ویڈیو ہوسٹنگ سروس ٹک ٹاک کی چیف آپریٹنگ آفیسر ( سی او او ) وینیسا پاپاس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹک ٹاک کی چیف آپریٹنگ آفیسر وینیسا پاپاس 5 سال کی خدمات کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئیں۔
وینیسا پاپاس کا اپنے ایک پیغام میں کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پر حاصل ہونے والی تمام کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے میں محسوس کرتی ہوں کہ آگے بڑھنے اور اپنے کاروباری جذبےپر دوبارہ توجہ مرکوز کرنے کا صحیح وقت ہے۔
علاوہ ازیں ٹک ٹاک کی ملکیتی کمپنی بائٹ ڈانس کے چیف ایگزیکٹیو شو چیو نے اعلان کیا کہ ’ والٹ ڈزنی کو ‘ میں 20 سالہ تجربہ رکھنے والی زینیا موچا ٹک ٹاک میں بطور چیف برانڈ اور کمیونیکیشن آفیسر شامل ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ٹک ٹاک کے چیف آف سٹاف ایڈم پریسر آپریشنز کے سربراہ بنیں گے اور مواد کی نگرانی کریں گے۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک کو چینی کمپنی ہونے کی وجہ سے سکیورٹی خدشات پر دنیا بھر میں جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔