نیویارک : ( ویب ڈیسک ) امریکا میں آرٹیفیشل ٹیکنالوجی ( اے آئی ) کی سات کمپنیوں نے حفاظتی اقدامات پر اتفاق کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی سات سرکردہ کمپنیوں نے ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات سے نمٹنے کا عہد کیا ہے جن میں ٹیکنالوجی کی سکیورٹی کی جانچ اور ان کے نتائج کو پبلک کرنا شامل ہے۔
اوپن اے آئی، مائیکروسافٹ، میٹا، انفلیکشن، گوگل ، اینتھروپک اور ایمازون کے نمائندوں نے اس حوالے سے امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ مل کر اعلان کیا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ وہ آرٹیفیشل ٹیکنالوجی کی ترقی اور استعمال کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی فریم ورک قائم کرنے کے لیے اتحادیوں کے ساتھ بھی کام کرے گا۔
خیال رہے کہ مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں جس رفتار سے اپنے ٹولز تیار کر رہی ہیں اس نے غلط معلومات کے پھیلاؤ کے خدشات کو جنم دیا ہے۔
آرٹیفیشل ٹیکنالوجی کے بارے میں انتباہات میں یہ بھی شامل ہے کہ اس کا استعمال غلط معلومات پیدا کرنے اور معاشرے کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کیا جا سکتا ہے اور یہاں تک کہ یہ انسانیت کے لیے ایک وجودی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے بھی اپنے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹول کا اعلان کیا جسے Llama 2 کہا جاتا ہے۔