دنیا کا مشہور کھیل فٹبال آئندہ چند سالوں میں چاند پر بھی کھیلا جائے گا

Published On 25 July,2023 10:44 am

لندن: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں پسند کیا جانے والا مشہور کھیل فٹبال سال 2035ء تک چاند پر بھی کھیلا جائے گا جسے کھیلنے کا انداز زمین پر کھیلے جانے والے میچز سے مختلف ہوگا۔

انسٹی ٹیوشن آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ای ٹی) کے ماہرین کی جانب سے چاند پر فٹبال کھیلنے سے متعلق دلچسپ منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق چاند پر کھیلے جانے والے فٹبال میچ میں دونوں ٹیمیں 5 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گی اور میچ 10 منٹ کے چار کوارٹرز میں کھیلا جائے گا، دوران کھیل ہر کوارٹر کے درمیان کھلاڑیوں کو 20 منٹ کا وقفہ دیا جائے گا۔

چاند کی سطح پر فٹبال زمین کی سطح پر کھیلے جانے والے میچز سے ذرا مختلف ہوگا، کھلاڑی روایتی کپڑے پہن کر کھیل نہیں کھیلیں گے بلکہ بھاری بھرکم خلائی سوٹ پہن کر میدان میں اتریں گے، ان مخصوص کپڑوں کے اندر کولنگ سسٹم نصب ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چاند پر کھیلے جانے والے میچز کا دورانیہ آدھا ہونا چاہیے تاکہ کھلاڑیوں کی حفاظت کا خیال رکھا جاسکے، اس ضمن میں 20 منٹ کا وقفہ کھلاڑیوں کو تازہ دم ہونے اور آلات کی مرمت میں مدد دے گا۔