مینلو یارک: ( ویب ڈیسک) ایپل نے اپنے نئے آئی فونز میں سیٹلائٹ میسجنگ سروس متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے آپ وائی فائی یا سیلولر نیٹ ورک نہ ہونے کے باوجود ہنگامی صورتحال میں مدد کیلئے ”SOS“ الرٹس بھیج سکتے ہیں، اب سام سنگ بھی جلد ہی اپنے سیٹلائٹ میسجنگ سلوشن کی نقاب کشائی کرنے والا ہے۔
تاہم، گوگل کا پلان کچھ اور ہی ہے جس کے مکمل ہونے پر ہر کوئی اس نئی خصوصیت سے فائدہ اٹھا پائے گا، سرچ انجن کمپنی ”گوگل“ اینڈرائیڈ 14 پر چلنے والے تمام فونز کیلئے سیٹلائٹ ایس ایم ایس سپورٹ جاری کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، بشرطیکہ آپ کا ہارڈ ویئر اسے سپورٹ کرتا ہو۔
ریلیز کے بعد شروعات میں یہ فیچر دوسرے اینڈرائیڈ فونز کیلئے دستیاب ہونے سے پہلے سام سنگ اور پکسل فونز پر دیا جائے گا، سام سنگ کے گلیکسی ایس 22 الٹرا نے کچھ عرصہ پہلے ہی سیٹلائٹ کالنگ کا تجربہ کیا تھا، اس لئے یہ پیشرفت حیران کن نہیں ہے۔
اینڈرائیڈ 14 کے سیٹلائٹ میسجنگ کی حد ابھی تک واضح نہیں ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ تمام اینڈرائیڈ فونز مختلف طریقے سے بنائے گئے ہیں، اس لئے اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ کچھ OEMs اینڈرائیڈ کا جدید ترین ورژن ہونے کے باوجود سیٹلائٹ میسجنگ بالکل بھی متعارف نہ کرائیں۔
اینڈرائیڈ 14 کی آفیشل ریلیز اب زیادہ دور نہیں ہے، ہمیشہ کی طرح یہ گوگل کے نیکسٹ جنریشن پکسل فونز کے ساتھ ڈیبیو کرنے جا رہا ہے، جو اس سال اکتوبر میں لانچ ہونے کی امید ہے۔
گوگل پکسل 8 فونز کی بات کریں تو ان میں کمپنی کے کسٹم ٹینسر جی 3 چپ سیٹ شامل کئے جانے کی افواہیں ہیں، جو اس بار سام سنگ کے بجائے TSMC فراہم کرے گا۔