نیویارک: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مشہور برڈ لوگو (logo) کا متبادل پیش کر دیا گیا ہے جبکہ اس کا نام بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو کی جانب سے ٹوئٹر کے نئے لوگو کی تصویر ایک ٹوئٹ میں پوسٹ کی گئی اور پھر اسے سوشل میڈیا نیٹ ورک پر برڈ لوگو کی جگہ لگا دیا گیا۔
ٹوئٹر کے نئے لوگو میں ایکس لکھا نظر آ رہا ہے جبکہ ایلون مسک نے بھی اپنی پروفائل امیج بھی اس لوگو سے تبدیل کرتے ہوئے ٹوئٹر بائیو میں ایکس ڈاٹ کام کا اضافہ کر دیا ہے جبکہ ٹوئٹر کا نام بھی ایکس کر دیا گیا ہے، یہ اکتوبر 2022 میں ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹوئٹر کی سب سے بڑی تبدیلی ہے۔
X is here! Let’s do this. pic.twitter.com/1VqEPlLchj
— Linda Yaccarino (@lindayacc) July 24, 2023
خیال رہے کہ ایلون مسک عرصے سے ٹوئٹر کو ایک سپر ایپ ایکس میں بدلنے کے خواہشمند ہیں اور لوگو کی تبدیلی اسی لئے کی گئی ہے۔
23 جولائی کو ایلون مسک نے کہا تھا کہ بہت جلد ہم ٹوئٹر برانڈ اور تمام پرندوں کو خیرباد کہہ دیں گے، اگر ایکس لوگو اچھا ہوا تو وہ آج شب (23 جولائی کی شب) پوسٹ کیا جائے گا اور اسے 24 جولائی کو لائیو کر دیا جائے گا۔
Our headquarters tonight pic.twitter.com/GO6yY8R7fO
— Elon Musk (@elonmusk) July 24, 2023
اس تبدیلی کے بعد ٹوئٹر ایک خودمختار کمپنی نہیں رہے گی بلکہ اسے ایک نئی کمپنی ایکس کارپوریشن کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر نے ہمارے رابطوں کے انداز کو بدل دیا اور اب ایکس اس سلسلے کو مزید آگے بڑھائے گا۔
It’s an exceptionally rare thing – in life or in business – that you get a second chance to make another big impression. Twitter made one massive impression and changed the way we communicate. Now, X will go further, transforming the global town square.
— Linda Yaccarino (@lindayacc) July 23, 2023
خیال رہے کہ ٹوئٹر کا نیلے پرندے کا لوگو ایک باسکٹ بال اسٹار لیری برڈ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بنایا گیا تھا، ٹوئٹر کے شریک بانی بز اسٹون نے اس پرندے کو لیری کا نام دیا تھا اور اب اس کا عہد جلد ختم ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے اس پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں جن میں ٹوئٹر بلیو سروس قابل ذکر ہے۔
اپریل میں عارضی طور پر ٹوئٹر کے روایتی لوگو کو ڈوگی کوائن کے کتے والے لوگو سے تبدیل کیا گیا تھا۔